ميں نےمسئلہ یہ معلوم کرناہے کہ کتابوں کی اشاعت میں بسا اوقات پریس والا یا جلدساز کام کو شروع کرنے سے پہلے یاشروع کرنے کے بعد کام پوراکرنے سے پہلے اُجرت کامطالبہ کرتاہے(اور اس کی وجہ وہ یہ بیان کرتاہے کہ میں نے مٹیریل خریدناہے) تو کیاتکمیل سے پہلے ان کو کچھ یا پوری اُجرت دینا صحیح ہے؟ نیزیہ بھی واضح فرمائیں کہ اگر اس نے مٹیریل نہ خریدناہو، مٹیریل اس کے پاس موجود ہو، بلکہ کسی اور ضرورت کے تحت یا حفظِ ماتقدم کے پیشِ نظر قبل از تکمیل رقم لینا چاہتاہوتواس کا کیاحکم ہے؟
صورتِ مسئولہ میں اصولی طورپر پریس والا اور جلد ساز جس قدر کام مکمل کرکے آپ کے حوالے کرتاجائے گا اسی کی بقدراُجرت کا حق دار بنتا جائے گا، اس سے قبل اسے اجرت کا مطالبہ کرنے کاحق نہیں، ہاں اگر فریقین کے درمیان اجرت پہلےاداکرنےکامعاہدہ ہوا ہے تو معاہدہ کے مطابق (کل یابعض)اجرت اداکرنالازم ہے(چاہے وہ اس اجرت سے مٹیریل خریدے یاکسی اور مقصد کے پیشِ نظر یہ اجرت وصول کرے) اوراگر معاہدہ نہیں ہوا لیکن اجیرکے مطالبہ پر آپ کام مکمل ہونے سے پہلےاجرت اداکرنے پر رضامندہیں توپیشگی اُجرت اداکرنا جائز ہے۔