ایک مسجد زیر تعمیر ہے مسجد کا صحن تعمیر ہو چکا ہے جبکہ ہال تعمیرنہیں ہوا مسجد کے ملحقہ دو کمرے ہیں جن کے او پر امام مسجد کی رہائش ہےاس میں نماز پنجگانہ ادا کر رہے ہیں ۔صحن میں گرمی اور مچھروں کے دق کرنے کے باعث آیا مسجد کے ملحقہ کمروں میں نماز پڑھنا درست ہے یا نہیں؟اور ان اعذار کی وجہ سے کمروں میں نماز پڑھنے سے مسجد کا ثواب ملے گا یا نہیں جبکہ نمازی حضرات جمعہ ،ظہر،عصر کی نماز صحن ہی میں پڑ ھ لیتے ہیں۔
واضح رہے کہ مسجد میں نماز پڑھنے کا ثواب اور فضیلت الگ ہے اور جماعت کے ساتھ نماز پڑھنے کاثواب الگ ہے اگر کسی شخص نے مسجد سے باہر کسی جگہ با جماعت نماز پڑھ لی تو اسے جماعت کا ثواب تو حاصل ہوگا لیکن مسجد کی فضیلت اور ثواب حاصل نہ ہوگا لہذا حتی الامکان بغیر کسی مجبوری مسجد کی جماعت نہیں چھوڑنی چاہیے البتہ اگر واقعۃً کوئی مجبوری یا عذر ہو جیسا کہ سوال میں گرمی کی شدت اور مچھروں کے دق کرنے سے متعلق صورت حال لکھی گئی ہے تو ایسی صورت میں مسجد کے ملحقہ کمروں میں نماز ادا کرنے کی گنجائش ہے لیکن اس میں اس بات کا خاص خیال رکھا جائے کہ مسجد سے باہر نماز صرف اسی وقت ادا کی جائے جب واقعتاً مذکورہ عذر موجود ہو۔