زید ایک موبائل کمپنی کا صارف ہے اس کمپنی کی سم کے استعمال کے لئے رقم کارڈ ڈلوانے کی ضرورت پیش آتی ہے جس پر وہ کمپنی والے 10 فیصد کٹوتی کرتے ہیں جو کہ صارف پر ایک زائد بوجھ ہے اور بامر مجبوری و ضرورت یہ بوجھ بر داشت کرتا ہے۔ ابتداء معاہدہ کے وقت اس کٹوتی کا کوئی ذکر نہیں کیا گیا، صارف اس کٹوتی کے بارے میں شرعی نقطہ نظر معلوم کرنا چاہتا ہے ۔
کارڈ ڈلوانے کے بعد جو کٹوتی ہوتی ہے وہ معروف ہونے کی وجہ سے مشروط کے حکم میں ہے ، لہذا کارڈ خریدتے ہوئے عقد میں اس کا ذکر کرنا ضروری نہیں ہے۔ البتہ جو کٹوتی ہوتی ہے اس کے بارے میں تحقیق کرنے سے یہ معلومات ہوئی ہےکہ یہ ساری کٹوتی کمپنی کی نہیں ہوتی بلکہ کچھ حکومتی ٹیکس ہوتا ہے اور کچھ کمپنی کاٹتی ہے جس کے بارے میں کمپنی کا موقف یہ ہے کہ حکومتی ٹیکس سے بچنے کے لیے یہ رقم کال کی قیمت میں شامل نہیں کی جاتی۔چنانچہ شرعاً اس کٹوتی کی وجہ سے عقد اجاره فاسد نہ ہو گا اس لیے کہ کمپنی کی یہ کٹوتی بھی اجرت کا حصہ بن جائے گی۔