اگر کسی وینڈر /سپلائر /بائع کی زبانی /تحریری کو ٹیشن حوالہ پر پرچیز آرڈرجاری کردیاگیاہو اور اس کو وینڈرنے قبول کرلیا ہو تو وقتِ مقررہ پر کمپنی کو مال نہ پہنچانے کی صورت میں کمپنی کی پروڈکشن رکنے سے ہونے والے نقصان کاذمہ دار کس کو ٹہرایاجائے گا؟نقصان سےبچنے کے لئے التزام با لتصدق کی شرط کن الفاظ کے ساتھ لگائی جائے ؟مثلاً اگر ہم یوں کہیں اگر آپ /وینڈر /بائع نے یکم جنوری تک ہمیں مطلوبہ مال نہ پہنچایاتو تاخیر ہونے کی صورت میں آپ ہماری کمپنی کے شریعہ ایڈوائزر کی زیر نگرانی بحساب یومیہ کل ثمن کے ایک فیصد کافقراء پر صدقہ کریں گے ، تو یہ درست عبارت ہوگی ؟بصورت دیگر درست وموزوں عبارت وطریقہ التزام با لتصدق بیان فر مادیں ۔
مذكوره صورت ميں كمپنی کو نقصان سے بچانے کے لئے عقد سے ہٹ کراضافی طورپرالتزام بالتصدق کروانے کی ضرورت نہیں ، بلکہ بہتریہ ہے کہ خریدوفروخت کا وعدہ کرتے ہوئے سپلائر اور کمپنی دونوں کو وعدہ پورا کرنے کاپابندبنایاجائے ۔ سپلائر کو مال بروقت پہچانے کا پابند بنایاجائےاور کمپنی کوپابند بنایاجائے کہ اگر سپلائر کمپنی کی مطلوبہ صفات کے مطابق بروقت مال لے آئے تو کمپنی اسے قبول کرے ، اس مقصد کے لئے معاہدہ ان الفاظ میں کیا جاسکتا ہے کہ ’’سپلائر اگرکسی معتبر اور حقیقی عذرمثلاً ہڑتال، لوڈ شیڈنگ کے بغیربروقت مال مہیا نہ کرے اوراس کی وجہ سے کمپنی کوکوئی واقعی نقصان ہوتو سپلائر اس واقعی نقصان کی تلافی کرے گا، اور مال مطلوبہ اوصاف کے مطابق بروقت پہنچ جانے پر کمپنی اگر اسے قبول نہ کرے تو اس کی وجہ سے سپلائر کو جو واقعی نقصان ہوگا کمپنی اس کی تلافی کرنے کی ذمہ دار ہوگی۔