بسم اللہ الرحمٰن الرحیم

دارالافتاء جامعہ احسان القرآن

مطلوبہ فتوی کے حصول کے لیے الفاظ منتخب کریں

عنوان کا انتخاب کریں

.

شادی کے موقع پر لڑکی کو ملنے والا سامان کس کی ملکیت ہے؟

سوال

ہمارے علاقے میں رواج ہے کہ جب کسی لڑکی کی شادی ہوتی ہے تو رخصتی کے وقت اس کے والدین اس کو گائے وغیرہ دیتے ہیں ۔ اب جواب طلب بات یہ ہے کہ اس گائے اور آگے اس کی نسل کے بڑھنے کی وجہ سے اس عورت پر قربانی واجب ہوگی یا نہیں ؟یہ گائے اور اس کی نسل یعنی بچے وغیرہ بیوی کی ملکیت ہو ں گے یا شوہر کی ملکیت ہو ں گے؟ کیونکہ خرچہ شوہر کرتا ہے ،اور لوگ کہتے ہیں شوہر کی ملکیت ہوں گے ۔شریعت کی روشنی میں وضاحت فرمائیں ۔

جواب

عموماً شادی بیاہ کے موقع پر لڑکی کو اس کے والدین کی طرف سے جو سامان وغیرہ دیا جاتا ہے، وہ دراصل والدین کی طرف سے اپنی بچی کو ہبہ (گفٹ ) ہو تا ہے اور وہی اس کی مالک ہوتی ہے ۔لہٰذا صورتِ مسئولہ میں لڑکی کو والدین کی طرف سے شادی کے موقع پر ملنے والی گائے اور اس سےآئندہ پیدا ہونے والی نسل لڑکی کی ملکیت ہے ،اور شوہر اس گائے پر معاملات طے کیے بغیر جو اخراجات وغیرہ کرتا رہا ہے وہ اس کی طرف سے تبرع(احسان ) ہیں،اس لیے مذکورہ گائے اور اس کی نسل میں شرعاً شوہر کا کوئی حق نہیں ہوگا اور نہ وہ اس کے مطالبہ کا حق رکھتا ہے۔
اس تفصیل کے بعد اب اگر یہ گائے اور اس کی نسل دودھ یاگھریلو ضروریات وغیرہ سے زائد ہوں اور دیگر ضروت سے زائد اموال کے ساتھ ملا کر قربانی کے نصاب کو پہنچ جائیں تو مذکورہ عورت پر قربانی واجب ہو گی ۔ مزید تفصیلات جاننے کیلیے صورت حال بتا کر مسئلہ معلوم کیا جا سکتا ہے ۔
درر الحكام (2/ 218)د ار إحياء الكتب
(وتتم) عطف على تصح (بالقبض) قال الإمام حميد الدين ركن الهبة الإيجاب في حق الواهب؛ لأنه تبرع فيتم من جهة المتبرع أما في حق الموهوب له فلا يتم إلا بالقبول ثم لا ينفذ ملكه فيه إلا بالقبض (الكامل)
الفتاوى الهندية (5/ 292)
(وأما) (شرائط الوجوب) : منها اليسار وهو ما يتعلق به وجوب صدقة الفطر دون ما يتعلق به وجوب الزكاة… والموسر في ظاهر الرواية من له مائتا درهم أو عشرون دينارا أو شيء يبلغ ذلك
سوى مسكنه ومتاع مسكنه ومركوبه وخادمه في حاجته التي لا يستغني عنها
darulifta

دارالافتاء جامعہ احسان القرآن والعلوم النبویہ

جامعہ احسان القرآن والعلوم النبویہ  کا ایک نمایاں شعبہ دارالافتاء ہے۔ جو کہ عرصہ 20 سال سے عوام کے مسائل کی شرعی رہنمائی کی خدمات بخوبی  سرانجام دے رہا ہے

سوال پوچھیں

دار الافتاء جامعہ احسان القرآن والعلوم النبویہ سے تحریری جوابات  کے حصول کے لیے یہاں کللک کریں

سوشل میڈیا لنکس