میں ایک کاروباری آدمی ہوں، ہمارے ہاں دکان میں بعض دفعہ گاہک سامان خریدکر لے جانابھول جاتےہیں یا بعض دفعہ زیادہ رش کی وجہ سےہم گاہک کو بقیہ رقم واپس کرنابھول جاتےہیں اور بعض دفعہ گاہک جلدی میں رقم لینا بھول جاتا ہے۔اب دریافت طلب امر یہ ہےکہ مذکورہ سامان اور رقم کے بارے ہمارے لئےکیا حکم ہے؟جبکہ ہمارےپاس کوئی ایسا ذریعہ بھی نہیں کہ اس کی معلومات حاصل کرکےسامان یا رقم اس گاہک تک پہنچاسکیں۔
اگرکوئی گاہگ آپ سےسامان خرید کر حفاظتًاآپ کےپاس رکھواکر چلا جاتا ہے کہ واپس آکر آپ سے لےلےگاتویہ ودیعت (امانت )ہے،مالک کی واپسی یا اس کےپتہ چلنےتک اس ودیعت کی حفاظت ضروری ہے،چاہے اس میں کتنا ہی عرصہ گزرجائے،اگر آپ رش وغیرہ کی وجہ سےرقم وسامان دینا بھول جاتےہیں یاگاہک وصول کرنا بھول جاتا ہےتو اس صورت میں وہ رقم وسامان آپ کےپاس بطور”لقطہ” ہے۔ حتی الامکان اس کے مالک کو تلاش اور تشہیرکرکےرقم وسامان اس تک پہنچانا آپ پرلازم ہے۔ نیزمالک کو تلاش وتشہیر کرنا اس وقت تک لازم ہےجب تک یقین ہو کہ وہ اپنی رقم اور سامان کو تلاش کررہا ہوگا۔ اور جب اس کی طرف سےتلاش ختم کرنے کا یقین ہو جائے تومالک کی طرف سےوہ رقم کسی فقیرکو صدقہ کردی جائے، البتہ صدقہ کےبعد مالک مل جائے تو اس کو اختیارہوگاچاہےصدقہ کو برقراررکھےیا آپ سےرقم کا مطالبہ کرے تواس صورت میں آپ پر رقم واپس کرنا ضروری ہوگا۔