استخارہ کا مسنون طریقہ کیا ہے ؟
استخارہ کا مسنون طریقہ یہ ہے کہ پہلے دو رکعت نفل پڑھے اس کے بعد خوب دل لگا کر یہ دعا پڑھے
اَللّٰهُمَّ اِنِّیْ أَسْتَخِیْرُکَ بِعِلْمِکَ، وَ أَسْتَقْدِرُکَ بِقُدْرَتِکَ، وَ أَسْأَلُکَ مِنْ فَضْلِکَ الْعَظِیْمِ، فَاِنَّکَ تَقْدِرُ وَ لَا أَقْدِرُ، وَ تَعْلَمُ وَلَا أَعْلَمُ ، وَ أَنْتَ عَلَّامُ الْغُیُوْبِ اَللّٰهُمَّ اِنْ کُنْتَ تَعْلَمُ أَنَّ هٰذَا الْأَمْرَ خَیْرٌ لِّيْ فِيْ دِیْنِيْ وَ مَعَاشِيْ وَ عَاقِبَةِ أَمْرِيْ وَ عَاجِلِهٖ وَ اٰجِلِهٖ ، فَاقْدِرْهُ لِیْ ، وَ یَسِّرْهُ لِیْ، ثُمَّ بَارِکْ لِيْ فِیْهِ وَ اِنْ کُنْتَ تَعْلَمُ أَنَّ هٰذَا الْأَمْرَ شَرٌ لِّيْ فِيْ دِیْنِيْ وَمَعَاشِيْ وَعَاقِبَةِ أَمْرِيْ وَ عَاجِلِهٖ وَ اٰجِلِهٖ ، فَاصْرِفْهُ عَنِّيْ وَاصْرِفْنِيْ عَنْهُ ، وَاقْدِرْ لِيَ الْخَیْرَ حَیْثُ کَانَ ثُمَّ اَرْضِنِيْ بِهٖ.(جامع الترمذي، باب ما جاء في صلاة الاستخارة)
ترجمہ: اے اللہ! میں آپ کے علم کے ذریعہ خیر کا طالب ہو، اور آپ کی قدرت سے طاقت حاصل کرنا چاہتا ہوں، اور آپ کے فضلِ عظیم کا سائل ہوں، بے شک آپ قادر ہیں اور میں قدرت نہیں رکھتا، اور آپ کو علم ہے کہ میں لاعلم ہوں، اور آپ چھپی ہوئی باتوں سے اچھی طرح واقف ہیں۔ اے اللہ! اگر آپ کےعلم کے مطابق یہ کام (یہاں اس کام کا تصور کرے ) میرے حق میں دینی، دنیوی اور اخروی اعتبار سے (یا فی الحال اور انجام کار کے اعتبار سے ) بہتر ہے ، تو اسے میرے لئے مقدر فرمائیے ، اور اسے میرے حق میں آسان کرکے اس میں مجھے برکت سے نوازے ، اور اگر آپ کو علم ہے کہ یہ کام (یہاں کام کا تصور کرے ) میرے حق میں دینی، دنیوی اور اخروی اعتبار سے (یا فی الحال اور انجام کے اعتبار سے ) برا ہے تو اس کو مجھ سے اور مجھے اس سے ہٹادے اور جس جانب خیر ہے وہی میرے لئے مقدر فرمادے ، پھر مجھے اس عمل سے راضی کردے ۔
اور جب “هذالأمر” پر پہنچے تو اس کو پڑھتے وقت اسی کام کا دھیان کرے جس کے لیے استخارہ کرنا چاہتا ہے۔ بہتر یہ ہے کہ اس کے بعد پاک وصاف بستر پر قبلہ کی طرف منہ کر کہ باوضو سو جائے جب سو کر اٹھے تو جو بات دل میں مضبوطی سے آئے وہی بہتر ہے اسی کو کرنا چاہیے ۔
واضح رہے کہ استخارہ کے بعد سونا ضروری نہیں ہے بلکہ نفل پڑھ کر مذکورہ دعا کرنے سے استخارہ کی سنت ادا ہو جاتی ہے۔اگر ایک دن میں کچھ معلوم نہ ہو اور دل کا تردد نہ جاوے تو دوسرے دن پھر ایسا ہی کرے۔اسی طرح سات دن تک کرے ان شاءاللہ ضرور اس کام کی اچھائی یا برائی کے بارے میں اطمینان ہو جائے گا۔
اور اگر وہ دیکھے خواب میں سفید یا سبز رنگ تو اس کام میں بہتری ہے اور اگر سیاہ اور سرخ رنگ دیکھا تو اس کام میں برائی ہے اس ليے اس کام سے بچنا چاہیے ۔